کویت اردو نیوز : انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی ‘میٹا’ فلسطینیوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘میٹا’ سوشل میڈیا پر سنسر شپ لگا کر فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے میٹا کی سنسرشپ کی کوششوں پر ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں ایچ آر ڈبلیو نے دعویٰ کیا ہے کہ میٹا نے اپنے سوشل پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام پر فلسطینی حامی پوسٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اس سال اکتوبر اور نومبر کے درمیان سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے مواد کے حوالے سے 60 ممالک کے 1000 سے زائد کیسز کا جائزہ لیا گیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 300 سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے اور یہ تمام افراد اپنے اکاؤنٹس بلاک ہونےکےخلاف اپیل بھی نہیں کر سکتے ۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے جن میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار 200 خواتین شامل ہیں۔