کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے علاقے قصیم کے اسپتال میں ڈاکٹروں نے معمر شہری کی جان بچالی۔ 40 منٹ بعد مریض کے دل کی دھڑکن بحال ہوگئی۔
ڈاکٹرسلیمان الحبیب ہسپتال کےڈاکٹروں کی ٹیم نے معمرمریض کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ، جس کے بعد اسکی حالت بہتر ہو گئی۔
سبق نیوز کے مطابق قصیم ریجن کے ڈاکٹر سلیمان الحبیب اسپتال میں ایک معمر شہری کو لایا گیا جسے سینے میں شدید درد کی شکایت تھی۔
اس کے علاوہ مریض کا بلڈ پریشر بہت زیادہ گر گیا تھا جس کی وجہ سے وہ نیم بے ہوش تھا۔
ڈاکٹروں نے مریض کا ابتدائی معائنہ کیا اور پتہ چلا کہ اسے دل کا شدید دورہ پڑا ہے۔ دائیں طرف کی شریان میں خون کا بہاؤ تقریباً رک گیا تھا۔
خون کا بہاؤ بند ہونے سے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا ۔
ڈاکٹروں نے اسے ہنگامی بنیادوں پر مصنوعی تنفس دیا اور 13 بجلی کے جھٹکے بھی لگائے۔
تقریباً 40 منٹ تک مصنوعی تنفس جاری رہا جس کے بعد خون کی سپلائی بحال ہونے پر دل نے کام کرنا شروع کر دیا۔
مریض کی حالت بہتر ہونے کے بعد مکمل میڈیکل چیک اپ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ شریانیں بند ہونے کی وجہ سے مریض کے گردے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مریض کو فوری طور پر ‘CRRT’ علاج دیا گیا اور اس کی حالت بہتر ہونے کے بعد اسے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔