کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بعض ڈبوں میں پیٹرول فروخت کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ پیٹرول کی ہنگامی منتقلی کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
عربی روزنامہ عکاظ کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ ضوابط کے مطابق جو لوگ انتہائی ضرورت کے وقت اسٹیشنوں سے کین میں اضافی پیٹرول لینا چاہتے ہیں انہیں صرف سعودی اسٹینڈرڈ سے منظور شدہ کین میں اضافی پیٹرول لینا چاہیے۔
اس حوالے سے سول ڈیفنس کا مزید کہنا ہے کہ اضافی پیٹرول پر مشتمل خصوصی کین فائر پروف ہونے چاہئیں جو اسی مقصد کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
اضافی پیٹرول کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 23 لیٹر ہو سکتی ہے۔ کچھ ڈبوں کا ڈھکن مضبوطی سے بند ہوتا ہے جو پیٹرول کو باہر نکلنے سے روکتا ہے۔
شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے کین میں پیٹرول بھرنے کے لیے گاڑی سے نکال کر زمین پر رکھ کر پیٹرول بھرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اضافی پیٹرول کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں یا کین میں پیٹرول لینے پر پابندی ہے، جس کا مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔