کویت اردو نیوز : ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد حرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق حرم مکہ الشریف میں بجلی کی سپلائی کے حوالے سے حرمین شریفین افیئرز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسجد حرام میں مختلف آلات اور لائٹس کو مسلسل چلانے کے لیے کئی پاور اسٹیشن کام کر رہے ہیں جن کی روزانہ دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
ادارے کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام کی تیسری توسیع کے دوران 12 مرکزی اور ذیلی پاور ہاؤس فراہم کیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام میں 250,000 برقی آلات بشمول ایسکلیٹرز، لفٹ اور کولنگ سسٹم کے لیے پاور جنریٹرز کا خصوصی انتظام ہے جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ادارہ امور حرمین کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسجد حرام کے مختلف مقامات پر 15 یو پی ایس بھی لگائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام میں بجلی کی باقاعدہ فراہمی 1373ھ مطابق 1953ء میں شاہ عبدالعزیز نے کی تھی جس کی مدد سے ساڑھے سات لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر بجلی کا انتظام کیا گیا تھا۔