کویت اردو نیوز،24جون: پیر سے حج اراکین کا آغاز ہوجائیگا اور رکن اعظم وقوف عرفات منگل کو ادا کیا جائے گا اس دوران حج ٹریفک کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔
حج بیت اللہ کا آغاز پیر کے روز سے ہو رہا ہے اور اس فریضے کا رکن اعظم وقوف عرفات منگل کے روز ادا کیا جائے گا۔ حج کے لیے سعودی وزارت حج نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور دنیا بھر سے تقریباً 20 لاکھ عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
اس سال دوران حج کے دوران ٹریفک نظام اور سڑکوں کی نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے متعلقہ حکام کو ڈرونز فراہم کر دیے گئے ہیں۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے گزشتہ روز حج سیزن کے دوران خدمات کی فراہمی سے متعلق ٹرانسپورٹ سسٹم کی کاوشوں کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دوران حج سعودی عرب نے مشاعر مقدسہ میں ٹریفک اور روڈز کی نگرانی و صورتحال کے لیے ڈرونز فراہم کر دیے ہیں۔
سعودی وزیر نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں سڑکوں کا جال 7200 کلو میٹر سے زیادہ وسیع ہے اور اس سال تقریباً چالیس ہزار اہلکار حجاج کرام کو ٹرانسپورٹ سروس فراہم کریں گے۔