کویت اردو نیوز : دنیا کا سب سے اونچا ٹاور ریاض میں تعمیر کیا جائے گا جہاں اس کی اونچائی دو کلومیٹر تک ہوگی۔
آرکیٹکٹس میگزین نے کہا کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر کیے جانے والے بلند ترین ٹاور کے ڈیزائن کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور کنگ خالد ایئرپورٹ کے قریب ہوگا تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
امید کی جا رہی ہے کہ ریاض میں بننے والا ٹاور برج خلیفہ سے بھی اونچا ہو گا جو کہ دنیا کا سب سے اونچا ٹاور ہے جس کی اونچائی 829.8 میٹر ہے۔
اسی طرح نیا ٹاور جدہ میں زیر تعمیر ٹاور سے اونچا ہوگا جس کی اونچائی ایک کلومیٹر بتائی جارہی ہے جب کہ یہ امریکا کے بلند ترین ٹاور سے چار گنا اونچا ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جدہ میں ایک ہزار میٹر بلند دنیا کا سب سے اونچا ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے۔ بہت سی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں اس کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
جدہ ٹاور برج خلیفہ سے 172 میٹر بلند ہوگا۔یہ ٹاور 1.5 کلومیٹر کے رقبے پر بنایا جائیگا اور اس کی چوٹی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی تصور کیاجائے گا، جبکہ اس میں کئی دفاتر اور بین الاقوامی ریستوراں شامل ہوں گے۔