کویت اردو نیوز ، 5 اکتوبر 2023 : پاکستانی پولیس کو مطلوب 4 خطرناک اشتہاریوں کو انٹرپول نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مزید 4 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، جس کے بعد رواں سال بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرموں کی مجموعی تعداد 122 ہو گئی ہے ۔
حالیہ کارروائی میں امانت علی کو سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا اور قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاریوں میں مسعود حسین کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا۔ ڈکیتی کیس میں مطلوب اشتہاری محمد عمر شہزاد اور محمد سلیم کو بھی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چاروں ملزمان واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔
پاکستانی پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ملزمان کے ریڈ نوٹس جاری کیے اور گرفتاریوں کے لیے فالو اپ جاری رکھا۔ چاروں اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کے بعد پاکستان لا کر مزید کارروائی کے لیے متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔