کویت اردو نیوز : دبئی کی ایک مسجد کے باہر عورت کے بھیس میں ایک شخص بھیک مانگتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔
اپنی شناخت چھپانے کے لیے عبایہ اور نقاب پہننے والے عرب شہری کو ایک رہائشی کی خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے اپنے عمل کا جواز پیش کیا کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہمدردی حاصل کرتی ہیں۔
مشتبہ اور مجرمانہ واقعات کے شعبہ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر علی سالم الشمسی نے عوام کو یاد دلایا کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں جو رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کی ہمدردی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے بھکاریوں کو پیسے نہ دینے اور صرف جائز ذرائع سے چندہ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس ہفتے کے شروع میں دبئی پولیس نے رمضان کے پہلے دن 17 بھکاریوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔
اتھارٹی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھیک مانگنے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے واقعات کی اطلاع 901 پر کال کرکے یا دبئی پولیس ایپ پر ‘پولیس آئی’ سروس کے ذریعے دیں۔