کویت اردو نیوز : رمضان المبارک کے آخری عشرے میں 50 لاکھ سے زائد عازمین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچ گئے۔
حرمین انتظامیہ کے سربراہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زائرین کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے جس کے لیے نفری اور تکنیکی سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حرمین انتظامیہ کےسربراہ کے مطابق 50 ہزار سے زائد عازمین اعتکاف میں بیٹھیں گے جب کہ عازمین کی بڑی تعداد علاقائی مساجد میں بھی اعتکاف میں بیٹھے گی۔
حرمین انتظامیہ کےسربراہ کا کہناہےکہ زائرین کی سہولت اور آسانی کیلیے تمام وسائل بروئےکار لائےجائیں گے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو گیا ہے اور دو مقدس مقامات (مسجد الحرام اور مسجد نبوی) سمیت تمام مساجد میں مغرب کے بعد اعتکاف کا آغاز ہو گیا ہے۔
قرآن پاک کے نسخوں کی ایک بڑی تعداد زائرین کیلیے رکھی گئی ہے ، اسکے ساتھ ساتھ زائرین کو آب زم زم کی فراہمی کے لیے بھی انتظامات کیئے گئے ہیں ۔ عازمین کے لیے خصوصی گیٹ بنائے گئے ہیں اور تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ حرمین انتظامیہ نے پورٹل کے ذریعے اعتکاف کے لیے ہزاروں پرمٹ جاری کیے ہیں۔
لاکھوں عمرہ زائرین مسجدالحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم میں قیام اللیل میں شرکت کرینگے۔ مکہ مکرمہ میں قیام اللیل کی نماز 12.30 بجےشروع ہوگی۔