کویت اردو نیوز 13 اگست: واٹس ایپ نے صارفین کو iOS سے Android ڈیوائس پر چیٹ ہسٹری تبدیل کرنے کی سہولت دے دی۔
فیس بک کی زیر ملکیت "واٹس ایپ” نے بدھ کے روز ایک نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی واٹس ایپ چیٹ ہسٹری کو پرانے موبائل سسٹم سے نئے موبائل آپریٹنگ سسٹم میں منتقل کرسکتے ہیں۔کمپنی نے کہا کہ وہ واٹس ایپ چیٹ کی پوری ہسٹری بشمول وائس نوٹ ، تصاویر اور چیٹس وغیرہ کو منتقل کرنے کی صلاحیت متعارف کروائے گی۔ اگر صارفین موبائل آپریٹنگ سسٹم کو تبدیل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو بغیر کسی رکاوٹ کے اور محفوظ طریقے سے اپنا ڈیٹا اور چیٹس نئے آپریٹنگ سسٹم منتقل کرسکیں گے۔
واٹس ایپ پروڈکٹ منیجر سندیپ پیروچوری نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم پرجوش ہیں کہ پہلی بار لوگوں کے لیے اپنی واٹس ایپ کی چیٹ ہسٹری کو محفوظ طریقے سے ایک آپریٹنگ سسٹم سے دوسرے میں منتقل کرنا آسان ہو گیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ صارفین کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے سب سے زیادہ مطلوبہ فیچر میں سے ایک ہے اور ہم نے اسے حل کرنے کے لیے آپریٹنگ سسٹم اور ڈیوائس مینوفیکچررز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔” یہ فیچر Android اور iOS دونوں پلیٹ فارمز کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جس کا مطلب ہے کہ لوگ Android سے iOS اور اس کے برعکس چیٹ ہسٹری سوئچ کر سکیں گے۔
کمپنی نے کہا کہ یہ سہولت ابتدائی طور پر Android پر شروع کی جائے گی اور Samsung کے نئے گلیکسی اسمارٹ فونز پر 11 اگست کو لانچ کی جا چکی ہے۔ صارفین اپنی واٹس ایپ کی ہسٹری کو iOS سے Android ڈیوائس پر لے جا سکیں گے اور بعد میں iOS ڈیوائسز پر بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔