کویت اردو نیوز 16 ستمبر: امارات ائیرلائنز نے 3000 کیبن کریو اور 500 ایئرپورٹ سروسز سٹاف کی خدمات حاصل کرنے کے لئے نئی آسامیوں کی تلاش کا عمل شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے منصوبے ریمپ اپ آپریشنز کو سپورٹ کرنے کے لیے دبئی کی مقامی ایئرلائن ایمریٹس نے اگلے چھ ماہ کے دوران دبئی کے مرکز میں شامل ہونے کے لیے 3،000 کیبن کریو اور 500 ایئرپورٹ سروسز ملازمین کو بھرتی کرنے کے لیے ایک عالمی مہم شروع کی ہے۔ یہ عملہ دبئی میں مقیم پوزیشن اور فرنٹ لائن کسٹمر کو سروسز مہیا کرنے کا کام سرانجام دیں گے۔ ایمریٹس میں بطور کیبن کریو یا ایئر پورٹ سروسز ایجنٹ کے طور پر شامل ہونے میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار ملازمت کی ضروریات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور
اپنی درخواست www.emiratesgroupcareers.com پر جمع کروا سکتے ہیں۔ ایمریٹس ائیرلائنز نے دنیا بھر میں سفری پابندیوں میں نرمی کے ساتھ آہستہ آہستہ اپنے نیٹ ورک آپریشنز کو بحال کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ایئر لائن نے کووِڈ 19 کی وبا کی وجہ سے فضائی عملے اور
پائلٹس کو نوکری سے فارغ کرنے کے بعد ایک بار پھر دنیا بھر سے تین ہزار فضائی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کیا ہے۔ فضائی کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تمام بھرتیاں 6 ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔ ایمریٹس ایئرلائن اس وقت 120 سے زائد شہروں کے لیے اڑان بھرتی ہے جو کہ اپنے وبائی مرض سے پہلے کے 90 فیصد نیٹ ورک کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ ایمریٹس ائیرلائنز رواں سال کے آخر تک اپنی 70 فیصد صلاحیت کو بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں اپنے A380 طیاروں کو فعال سروس میں واپس لانا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی کمپنیوں میں فضائی کمپنیاں خاص طور پر شامل ہیں جنہیں دنیا بھر میں عملے کو نوکری سے برخاست کرنے کے علاوہ حکومت سے مالی مدد بھی حاصل کرنا پڑی۔ جون 2020 میں امارات ایئرلائن نے ہزاروں نوکریاں ختم کرتے ہوئے بقیہ ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کیا تھا دوسری جانب امارات ایئر لائن نے امید ظاہر کی ہے کہ دبئی میں ہونے والی ایکسپو 2020 کے موقع پر متحدہ یو اے ای میں لوگوں کی آمد و رفت بڑھنے کے ساتھ کمپنی کے مسافروں میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔