کویت اردو نیوز 23 ستمبر: متحدہ عرب امارات نے اپنی عوام کے لئے مخصوص جگہوں پر کوویڈ19 ماسک نہ پہننے سے متعلق قواعدوضوابط میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کی نیشنل کرائسِس اورایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے ملک کے بعض علاقوں میں کووِڈ19 سے بچاؤ کے لیے لازمی ماسک پہننے سے متعلق قواعد و ضوابط میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔ این سیما نے بدھ کے روز ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ’’عوامی مقامات پرورزش کرنے والے افراد،نقل وحمل کی ذاتی سہولت کا استعمال کرنے والے ایک ہی خاندان کے ارکان، سوئمنگ پول و ساحل سمندر پر جانے والوں، طبی مراکز کے مریضوں اور بیوٹی سیلون یاحجام کی دکانوں کے صارفین کو اب قانون کے مطابق
ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی۔” البتہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کو اب بھی ایک دوسرے سے دومیٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا نیز مقامی حکام ان جگہوں کونشان زد کرنے کے پابند ہوں گے جہاں ماسک پہننا لازمی نہیں ہے۔ یاد رہے کہ یواے ای میں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 2020ء کے اوائل میں لازمی ماسک پہننے کا ضابطہ متعارف کرایا گیا تھا۔
اس سے قبل عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے افراد کو 3,000 اماراتی درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب مذکورہ مقامات پر ماسک نہ پہننے کی صورت میں جرمانہ نہیں ہوگا۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 2021ء میں ویکسین لگانے کی ایک بھرپور مہم چلائی جس کے تحت یو اے ای میں مقیم شہریوں اور تارکین وطن کی کثیرتعداد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ این سیما کاکہنا ہےکہ اگست 2021 ءتک وسیع پیمانے پر جانچ اور ویکسی نیشن کے نتیجے میں کووڈ19 کے یومیہ کیسوں میں کمی واقع ہوئی ہے اس کے پیش نظر 22 ستمبر سے لازمی ماسک پہنے کے قواعد وضوابط میں تبدیلی کی جارہی ہے تاہم
سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں این سیما اور امارات کی وزارتِ صحت نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے سے متعلق باقی قواعد پر عمل کرنے کی اہمیت پرزور دیا ہے۔