کویت اردو نیوز، 16 اپریل: سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز مملکت کے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 20 اپریل کو 29 رمضان المبارک کی مناسبت سے جمعرات کی شام کو شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔
سپریم کورٹ نے کھلی آنکھوں سے یا دوربین کے ذریعے چاند دیکھنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی گواہی کو رجسٹر کرنے کے لیے اپنی قریبی عدالت کو مطلع کریں یا قریبی ٹاؤن سینٹر سے رابطہ کریں تاکہ وہ قریبی عدالت کو مطلع کر سکے۔
سپریم کورٹ امید کرتی ہے کہ جو کوئی بھی چاند دیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے وہ اس مقصد کے لیے مختلف خطوں میں بنائی گئی کمیٹیوں میں شامل ہو کر خدا سے اجر طلب کرے، کیونکہ یہ عمل نیکی اور تقویٰ میں تعاون کی نمائندگی کرتا ہے جس سے تمام مسلمانوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کے ساتھ ساتھ بیشتر عرب اور مسلم ممالک میں شعبان کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد 23 مارچ کو شروع ہوا، کیونکہ 29 شعبان کو چاند نظر نہیں آیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اس وقت کہا تھا کہ رمضان کا چاند نظر آنے کی کسی نے گواہی نہیں دی تھی لہذا 22 مارچ بروز بدھ ماہ شعبان کا 30 واں دن ہوگا۔ ام القری کیلنڈر کے مطابق 23 مارچ جمعرات کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا پہلا دن ٹھہرا۔
سعودی فلکیاتی رصد گاہیں، درجنوں دوربینوں اور فلکیات میں دلچسپی رکھنے والے سینکڑوں افراد امسال رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے تمام تر تیاریوں کے باوجود بھی چاند دیکھنے سے قاصر رہیں۔