کویت اردونیوز06 اکتوبر: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کویت کے ساتھ 5 ماہ کے وقفے کے بعد براہ راست پروازیں دوبارہ بحال کردیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے گزشتہ پیر کو کویت سے 5 ماہ کے وقفے کے بعد اپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔ پاکستان ٹوڈے کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق کویت نے کورونا وائرس کے نتیجے میں سفری پابندیاں عائد کی تھیں تاہم اب وہ پابندیاں ختم کردی گئی ہیں اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کویت میں اپنی سفری خدمات کا دوبارہ آغاز کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ "پاکستان ایئرلائن پاکستان اور کویت کے درمیان اپنی پروازیں
فی ہفتہ دو پروازوں کے ساتھ دوبارہ شروع کرے گی۔ جاری کردہ بیان میں اسلام آباد میں کویت کے سفیر، پاکستانی وزارت خارجہ اور کویت میں اس کے سفیر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کی تعریف بھی کی گئی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے وزیر سول ایوی ایشن اور
سیکرٹری ایوی ایشن اور محکمہ ایوی ایشن آف پاکستان کے فعال کردار پر شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہوسکا۔ انہوں نے متعلقہ سفارتی حکام کی طرف سے کی جانے والی خصوصی کوششوں کو بھی نوٹ کیا جن میں پاکستان میں کویتی سفیر ، پاکستانی وزارت خارجہ اور کویت میں پاکستانی سفیر شامل ہیں جن کی ہر ممکنہ مدد اور کوشش کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں پاکستان ائیرلائن کے CEO نے عہد کیا کہ ان کی کمپنی عزم، لگن اور پیشہ ور افراد کے ساتھ پاکستانی شہریوں اور مسافروں کی خدمت جاری رکھے گی۔