کویت اردو نیوز 06 اکتوبر: سعودی حکومت نے ممنوعہ ممالک سے مخصوص افراد کو مملکت میں براہ راست داخلے کی اجازت دے دی۔
سعودی وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع کے بیان کے مطابق جن ممالک سے آنے والوں کے لیے مملکت میں داخل ہونے سے قبل 14 روز کا قرنطینہ گزارنا لازم ہے اُن ممالک کے بعض طبقات کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے البتہ ان افراد پر اداریاتی قرنطینہ کی شرط کا اطلاق ہو گا۔ اداریاتی قرنطینہ کی مدت کے دوران میں ویکسین کی اضافی خوراک لی جائے گی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق فیصلے میں درج ذیل افراد شامل ہیں:
- جامعات، کالجوں اور انسٹی ٹیوٹس کی تعلیمی کمیٹی کے ارکان
- مرد اور خواتین اساتذہ
- مملکت میں Technical and Vocational Training Corporation اور دیگر تربیتی اداروں کی تربیتی کمیٹی کے افراد
- اسکالر شپ پر آنے والے طلبہ
جو افراد مملکت کے اندر کرونا ویکسین کی خوراک لے چکے ہیں یا خوراک کا کورس مکمل کر چکے ہیں وہ اداریاتی قرنطینہ کی شرط سے مستثنی ہوں گے اسی طرح 18 برس سے کم عمر سعودی شہریوں کے بحرین کا سفر کرنے پر عائد پابندی بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کے سفر کے لیے پیشگی اعلان کردہ شرائط لاگو ہوں گی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ تمام لوگ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔