کویت اردو نیوز 26 اکتوبر: پاکستان نے منگل کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں پر 134 رنز تک محدود کر دیا اور پھر ہدف کا تعاقب 8 گیندیں باقی رہ کر کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان اب سپر 12 گروپ 2 میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آصف نے ایک چوکا اور تین چھکے لگائے جبکہ شعیب ملک نے 26 رنز بنا کر پاکستان کو 135 رنز کا تعاقب کرنے میں مدد کی۔ 135 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز سست رہا اور چھٹے اوور میں بابر اعظم کی وکٹ نے ٹیم کی امیدوں کا مزید دم توڑ دیا۔ ٹم ساؤتھی نے بابر کو کلین بولڈ کر کے اپنی 100 ویں ٹی ٹوئنٹی وکٹ حاصل کی۔ ایش سودھی نے فخر زمان کی وکٹ
لے کر پاکستان کو 47/2 پر سمیٹ دیا۔ بابر کی قیادت میں ٹیم نے محمد حفیظ اور محمد رضوان جیسے شاندار بلے بازوں کی وکٹیں گنوا دیں اور نیوزی لینڈ نے کھیل پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ کونوے نے ہوا میں چھلانگ لگاتے ہوئے محمد حفیظ کی شارٹ کا شاندار کیچ پکڑا جس سے پاکستانی شائقین بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے تاہم آصف پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کے لیے آئے اور 19ویں اوور میں شعیب ملک کے ساتھ
ناقابل شکست 48 رنز کی شراکت قائم کی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے جبکہ حارث رؤف نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرل مچل، کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے 27، 25، 27 رنز بنائے۔ کیویز نے اچھی شروعات کی لیکن پاکستان نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو بڑا ٹارگٹ نہیں کرنے دیا اور آخر کار 05 وکٹوں سے یہ میچ جیت لیا۔