کویت اردو نیوز 23 اکتوبر: پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد دھواں دھار بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میلبرن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت کے خلاف پاکستانی ان فارم دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے، کپتان بابراعظم کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ ملا جب کہ محمد رضوان 4 رنز بنا پائے۔
15 رنز پر دو اہم ترین وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم دباؤ میں آگئی اس موقع پر شان مسعود اور افتخار احمد نے محتاط انداز میں اننگ کو آگے بڑھایا اور 10 اوورز تک قومی ٹیم کے اسکور بورڈ پر صرف 60 رنز ہی درج تھے جس کے بعد افتخار احمد نے ہاتھ کھولے اور چار بلند و بالا چھکے مار کر گراؤنڈ میں موجود پاکستانی شائقین کے جوش میں اضافہ کیا۔
افتخار احمد 34 گیندوں پر 51 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس وقت ٹیم کو مجموعی اسکور 91 رنز تھا، شان مسعود اور افتخار احمد کے درمیان 76 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔افتخار احمد کی اننگ میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب شان مسعود نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 بالز میں 52 رنز اپنے نام کئے اور میچ کی آخری گیند تک گراؤنڈ میں ٹکے رہے۔