کویت اردو نیوز 30 اکتوبر: بیجنگ نے وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کچھ سینما گھروں کو بند کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی دارالحکومت بیجنگ کے حکام نے سنیما گھروں کو آج ہفتے کے روز بند کرنے کا حکم دے دیا ہے جب کہ ملک میں 4 فروری 2022 سے شروع ہونے والے وِنٹر اولمپکس سے سو دن سے بھی کم وقت پہلے کووِڈ 19 کے انفیکشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیجنگ جس نے 2008 کے سمر اولمپکس کا انعقاد کیا تھا دنیا کا پہلا شہر بن جائے گا جو وِنٹر اولمپکس میں بھی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ اس تناظر میں حکام نے چین میں کوویڈ19 کی وباء کو ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں جس میں اس وقت 300 سے کم انفیکشن ہیں تاہم بیجنگ سمیت 30 چینی صوبوں میں سے تقریباً
ایک تہائی میں یہ وائرس اب بھی پھیل رہا ہے۔ میونسپلٹی نے جمعہ کو کہا کہ ژیچینگ ڈسٹرکٹ میں تمام سینما گھر 14 نومبر تک بند رہیں گے۔ دس لاکھ سے زیادہ آبادی والے ضلع میں تیانن مین اسکوائر کے مغرب کے علاقے شامل ہیں۔ بیجنگ کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے ملک بھر میں کوویڈ19 کے 59 نئے مقامی کیسز ریکارڈ کیے ہیں جو کہ
ستمبر کے وسط سے ریکارڈ نہیں کئے گئے تھے۔ یہ تعداد دنیا کے دیگر حصوں میں یومیہ ریکارڈ کی جانے والی تعداد کے مقابلے میں کم معلوم ہوسکتی ہے لیکن یہ حکام کو 4 فروری سے شروع ہونے والے وِنٹر اولمپکس کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اس وبا کا نیا مرکز بیجنگ سے 650 کلومیٹر سے زیادہ دور منگولیا کی سرحد پر واقع قصبے Ehrenhot میں واقع ہے۔ فی الحال تقریباً 60 لاکھ چینی ان شہروں میں احتیاطی عام بندش کی وجہ سے قرنطینہ میں رہتے ہیں جہاں کوویڈ19 کے نئے معاملات دریافت ہوئے ہیں۔
بہت سے علاقوں میں داخلہ کوویڈ19 کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ دکھانے پر مشروط ہے خاص طور پر ان شہروں سے آنے والوں کے لیے جہاں حال ہی میں انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ جمعہ کے روز دارالحکومت کے دو اہم ہوائی اڈوں سے تقریباً نصف پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور حکام نے مشورہ دیا کہ جب تک ضروری ہو شہر سے باہر نہ نکلیں اس کے علاوہ بیجنگ کے رہائشیوں سے شادیوں کو ملتوی کرنے کو کہا گیا ہے۔