کویت اردو نیوز : سعودی پبلک ہیلتھ آرگنائزیشن ‘وقایہ ‘ نے انتہائی ضرورت کے تحت ہندوستان اور پاکستان سمیت 25 ممالک کا سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق، وقایا نے بیان میں کہا کہ "ان ممالک میں صحت کی خدمات کے معیار اور وہاں متعدی بیماریوں کے پیش نظر، انتہائی ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کیا جانا چاہیے۔”
وقایہ کے مطابق ییلو کیٹیگری میں پاکستان، بھارت، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش،نیپال، ہونڈوراس، موزمبیق، افغانستان، عراق، سلواڈور، جنوبی سوڈان، سیرا لیون، ایتھوپیا،شام، یوگنڈا، کانگو، نائیجیریا، فلپائن، گھانا، گوئٹے مالا ، چاڈ اور کینیا شامل ہیں جبکہ زمبابوے سرخ زمرے میں رکھا گیا ہے۔
وقایا کا کہنا ہے کہ ‘ییلو کیٹیگری کے ممالک میں جو بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں ان میں ہیضہ، زرد بخار، خسرہ،ڈینگی، مونکی پوکس، کوویڈ 19،پولیو، ملیریا اور تپ دق شامل ہیں، جب کہ زمبابوے میں، جو سرخ زمرے میں شامل ہے، ڈینگی اور ہیضہ عروج پر ہے۔
فہرست میں شامل ممالک کا سفر کرنے والوں سے کہا گیا کہ وہ متاثرہ افراد کے قریب نہ جائیں۔ ان کے زیر استعمال اشیاء کو ہاتھ نہ لگائیں، ان کے ساتھ کھانے پینے سے گریز کریں، صابن سے ہاتھ دھوتے رہیں اور سینیٹائزر کا بندوبست کریں۔
ان ممالک میں قیام کی مدت محدود ہونی چاہیے۔ متعدی بیماریوں کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی تقریبات میں شرکت نہ کریں۔