کویت اردو نیوز 29 نومبر: کیسوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، کرونا کی نئی شکل اومیکرون کے مہلک اثرات دیکھنے میں آ سکتے ہیں: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن
عالمی ادارہ صحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن WHO کے مطابق کرونا وائرس کے ‘اومیکرون’ تغیر کے پھیلاؤ کے امکانات بہت زیادہ ہیں جس کے سبب کچھ علاقوں میں کرونا وائرس کے مہلک اثرات دیکھنے میں آسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائےصحت نے 194 رکن ممالک کو اپنی ہدایات میں بتایا کہ ویکسین مہم کو تیز تر بنایا جائے اور ضروری صحت سروسز کو برقرار رکھنے کے لئے منصوبہ بندی بھی کی جائے۔ ادارہ صحت کے مطابق” اومیکرون وائرس کے کیسوں کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے وباء ایک نیا رخ اختیار کر سکتی ہے۔ اس کرونا تغیر کے سبب درپیش
خطرات بہت زیادہ ہیں جن کا سد باب ضروری ہے۔” ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اومیکرون کے خلاف ویکسین کی افادیت کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں اور آنے والے ہفتوں میں مزید معلومات مل جائیں گی۔