اسلام آباد 15 جون: کویت میں مقیم پاکستان آنے کے خواہشمند تارکین وطن پاکستانیوں کی فریاد آخر کار ایوانوں میں بیٹھ حکام بالا تک پہنچ ہی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزراء برائے ہوا بازی، داخلہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے ذریعے کرونا وائرس کی وباء کے سبب کویت میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کا معاملہ اٹھاتے ہوئے ان کی آسان وطن واپسی کے لیے کویت اور پاکستان کے مابین ہفتہ وار خصوصی پروازیں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ممالک واپس جانے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہ کہا کہ تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی موجود ہے جنہیں اپنے علاقوں میں علاقائی پاسپورٹ کے دفاتر کی عدم موجودگی کی وجہ سے سفری دستاویزات کی تجدید کے لئے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے تارکین وطن کی پریشانیوں کے تدارک کے لئے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے معاملے پر بھی وزیر داخلہ سے بات کی تاکہ علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے نیٹ ورک کو بڑھایا جاسکے اور غریب تارکین وطن کی حقیقی شکایات کا مداوا کیا جا سکے۔ اسی طرح کویت سے آنے اور جانے والی باقاعدہ خصوصی پروازوں کے آپریشن کا معاملہ وزارت برائے ہوا بازی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے پاس بھی اٹھایا گیا ہے تاکہ مسافروں کی آسانی سے وطن واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔