کویت اردو نیوز 16 ستمبر: سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان برق رفتار حرمین ایکسپریس ٹرین سروس کی وجہ سے زائرین کے لیے ان دو شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ دو گھنٹے 20 منٹ کا رہ گیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ’’عرب نیوز‘‘ کے مطابق 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ’حرمین ایکسپریس‘ مملکت کے ٹرانسپورٹ کے مربوط نظام کا حصہ ہے۔
اس ٹرین میں 400 سے زائد بزنس اور اکانومی کلاس مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ اس کا کرایہ 40 سے ڈیڑھ سو ریال تک ہے۔ حرمین ایکسپریس جدہ اور کنک عبداللہ اکنامک سٹی کے اسٹیشنز پر رکتی ہے۔ مملکت کی وزرات حج و عمرہ کی جانب سے جاری کی گئی ویزہ سکیم کے تحت اس وقت پوری دنیا کے زائرین عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ عمرہ زائرین کو مشکلات سے محفوظ مذہبی اور ثقافتی ماحول فراہم کرنا سعودی عرب کے وژن 2030 کا اہم جزو ہے۔ جو افراد سعودی عرب میں عمرے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں تجویز دی گئی ہے کہ وہ ’مقام پلیٹ فارم‘ کا استعمال کریں جہاں سے انہیں سفر سے متعلق تمام سہولیات میسر ہوں گی۔
اپنا یا فیملی کا وزٹ ویزہ رکھنے والے افراد ’عمرہ ایپ‘ کے ذریعے تمام سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔ عمرہ زائرین کے لیے لازم ہے کہ ان کی مکمل ہیلتھ انشورنس ہو جس میں کرونا کی صورت میں طبی نگہداشت کے اخراجات بھی شامل ہوں۔