کویت اردو نیوز 22 جنوری: سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مملکت میں کفیل حضرات کی یہ ذمہ داری ہو گی کہ وہ اپنے ساتھ منسلک ملازمین کے پیشے کی تبدیلی کی فیس بھی ادا کریں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کے مطابق سعودی کفیل اور آجر حضرات اپنے ساتھ منسلک کارکنوں کی مختلف مواقع اور مقاصد کے لیے فیسوں کی ادائیگی کرنے کے پابند ہوں گے تاہم یہ فیس کارکنوں کے ذمہ نہیں ہو گی۔
سعودی آجر حضرات ان فیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے اپنے زیر کفالت کام کرنے والے کارکنوں کی رہائش کے لیے اقامہ فیس، مملکت میں کام کرنے کیلیے لائسنس حاصل کرنے کی فیس، ورک پرمٹ کی تجدید کی فیس کی ادائیگی کے ذمہ دار ہوں گے، علاوہ ازیں ان امور میں کسی قسم کا متعلقہ کارکن کو جرمانہ ہونے کی صورت میں اس جرمانے کی ادائیگی کی بھی آجر کے ذمہ ہو گی۔
مزید یہ کہ اپنے کارکنوں کی مملکت میں آمد اور مملکت سے جانے کی فیسوں بشمول ائیر ٹکٹ کی رقم بھی سعودی آجر حضرات کے ذمہ ہو گی۔
وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ غیر ملکی کارکنوں کو یہ حق ہو گا کہ وہ ملازمت سے فراغت پر اپنی ملازمت اور تجربے کا سرٹیفکیٹ اپنے آجر سے طلب کریں۔ یہ سرٹیفیکیٹ انہیں لازمی دیا جائے گا جو کہ کسی قسم کی فیس کے بغیر ہوں گے۔
آجر حضرات کی طرف سے جاری کیے جانے والے سرٹیفیکیٹس پر متعلقہ کارکنوں کی ملازمت جوائن کرنے اور مکمل کرنے کی تاریخیں بھی درج ہوں گی جبکہ اس کے علاوہ ان پر آخری وصول کردہ تنخواہ بھی درج کی جائے گی۔