کویت اردو نیوز : سعودی پبلک سیکیورٹی آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک کا استعمال کریں۔
پبلک سیکیورٹی کے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری کی گئی اہم ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ماسک کے استعمال سے انفیکشن اور دیگر مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ان دنوں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم میں رش ہے اور اس سے بچنے کا واحد طریقہ ماسک کا استعمال ہے۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ادارے کے انچارج نے بتایا کہ ماسک کا استعمال رش کے اوقات میں بہت ضروری ہے، خاص طور پر سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد اور بزرگوں کے لیے۔
مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے رمضان المبارک میں عمرہ اور عبادات کے لیے حرم شریف آتے ہوئے ماسک کا استعمال جاری رکھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی حج، عمرہ اور زیارت کی قومی کمپنی کے رکن سعید باحشوان نے کہا ہے کہ تین مہینوں (رجب، شعبان اور رمضان) کے دوران عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ عمرہ سیزن کے لحاظ سے یہ تین مہینے مصروف ترین ہیں۔