کویت اردو نیوز 25جنوری: شارجہ پولیس کی امدادی ٹیموں نے اتوار کی رات ایک خاتون کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ اس کے ساتھ اس کا شوہر بھی تھا، جس کی لاش بعد میں خصوصی ٹیموں کے سرچ آپریشن کے بعد ملی۔
اتوار (22 جنوری) کی شام کو ایک عرب شخص کی طرف سے سنٹرل آپریشن روم میں اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کا گشت فوراً موقع پر پہنچ گئے ۔
ایک شخص نے آپریشن روم کو بتایا کہ الممزر ساحل پر ایک جوڑے کے ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ شارجہ پولیس 24 سالہ پاکستانی شخص کی موت کے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے جو اپنی بیوی کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔
ٹیمیں اہلیہ کی مدد اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ ڈوبنے والے شوہر کی لاش کو افسران نے سمندر سے نکال لیا۔ ٹیم نے ڈوبنے والے شخص کو ہوش میں لانے کی بہت کوشش کی اور ابتدائی طبی امداد بھی دی، لیکن وہ ہوش میں نہ آسکا۔
بعد ازاں یہ معلوم ہوا کہ وہ اپنی بیوی کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے جاں بحق ہوا ہے۔ متوفی پاکستانی شہریت کا حامل تھا جبکہ اس کی اہلیہ عرب شہری ہے تاہم اس کی قومیت واضح نہیں کی گئی۔ شارجہ پولیس متوفی کی موت کے حالات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کے اتار چڑھاؤ کے دوران تیراکی سے گریز کریں اور عوام کی حفاظت کے لیے ملک میں مجاز حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
حکام نے رہائشیوں سے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے، متعین علاقوں میں تیراکی کی مشق کرنے، سمندری دھارے والے علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے جن کے بارے میں رہنمائی پینل نصب ہیں، ممنوعہ اوقات سے گریز کریں، جیسے کہ رات کا وقت، اور انسپکٹرز اور ریسکیورز کی ہدایات پر عمل کریں۔