کویت سٹی 29 جولائی: عوام کو ساحل سمندر پر جانے کی اجازت مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ السیاسیہ کی رپورٹ کے مطابق مبارک الکبیر بلدیہ عظمیٰ میں خلاف ورزیوں کے خاتمے کے محکمے کےسربراہ مجید المطائری نے کہا ہے کہ عوام کو ساحلوں پر جانے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن اگر خلاف ورزیوں کا ارتکاب ہوتا ہے تو متعلقہ افراد کو وزارت داخلہ سے رجوع کرنا ہوگا اور وزارت داخلہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضروری کارروائی کرے گی۔
روزنامہ سے بات کرتے ہوئے المطائری نے کہا کہ بلدیہ نے شہری بلدیات کے وزیر انجینئر ولید الجاسم اور کویت بلدیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر احمد المنفوہی کی رہنمائی میں انتھک محنت کی ہے تاکہ تاحل سمندر پر شہریوں کی واپسی کو آسان بنایا جاسکے تاہم زور دیا کہ خلاف ورزیوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: 9800 غیر ملکیوں کی نوکریاں متاثر
ساحل سمندر پر جانے کی پابندیاں کرفیو کے دور میں لگائی گئی تھیں تاہم اب ان ساری پابندیوں کو دور کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو ساحل سمندر پر جانے کی اجازت دی جاسکے۔ مبارک الکبیر گورنریٹ کی ساحلی پٹی کی جانچ کرنے کے بعد پابندیوں کی حد معلوم کرنے اور اس کا تعین کرنے کے لئے موجودہ پابندیوں سے متعلق ایک تکنیکی رپورٹ متعلقہ اتھارٹی کو پیش کی گئی ہے۔
المطائری نے مزید بتایا کہ سمندر تک رسائی روکنے کے لئے بیریئرز ،چھوٹی دیواریں، کچھ گاڑیاں اور ریت کا ڈھیر وغیرہ جیسی رکاوٹیں قائم کی گئی تھیں لیکن اب ان سب کو ختم کردیا گیا ہے اور کوئی نئی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ انسپکٹر نئی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے لئے روزانہ فیلڈ ٹرپ کریں گے اور مجرموں کو ضروری کارروائی کے لئے وزارت داخلہ کے حوالے کیا جائے گا۔