کویت اردو نیوز،24جون: حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچنے والے 43 سالہ پاکستانی محمد شفیق ایک ٹانگ سے معذور ہیں لیکن یہ معذوری ان کے بیت اللہ کی زیارت کرنے اور حج کی سعادت حاصل کرنے کے شوق کو کمزور کرنے کے بجائے مزید بڑھا گئی اور برسوں کی خواہش بالآخر اس سال پوری ہوگئی۔
شفیق نے بتایا کہ 30 سال قبل بس حادثے میں وہ ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا تھا لیکن معذوری کے باوجود حج کرنے کی خواہش ہر گزرتے دن کے ساتھ دل میں توانا ہوتی رہی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنا خواب پورا کرنے کے لیے پیسے جمع کیے اور اس سال حج ادا کرنے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ جس پر میری خوشی کی انتہا نہیں۔ پہلی مرتبہ جب خانہ کعبہ کو اپنے سامنے دیکھا تو جو خوشی ہوئی وہ بیان سے باہر ہے۔
محمد شفیق کا کہنا تھا کہ اب بے چینی سے 8 ذی الحجہ کا انتظار ہے کہ منی پہنچ کر مناسک حج کی شروعات کر سکوں، وہ پر امید ہیں کہ جمرات کی رمی (شیطانوں کو کنکریاں مارنا) وہ خود ہی کریں گے اور جمرات کے پُل تک اپنی بیساکھیوں کے سہارے خود جائیں گے۔