کویت اردو نیوز 16جنوری: مہنگائی سے متاثرہ فلپائن میں پیاز، گائے کے گوشت اور چکن سے مہنگا ہونے کی وجہ سے خلیجی خطے کے فلپائنی تارکین وطن اسمگلنگ کے ذریعے اپنے گھروں میں پیاز لے جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ 10 فلپائنی کیبن کریو کے ارکان کے خلاف اسمگلنگ کے الزامات درج کیے گئے ہیں جنہوں نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے پیاز اور پھل اپنےگھر لانے کی کوشش کی تھی۔
ایک رپورٹ کے مطابق، فلپائن ایئر لائنز کا عملہ — جو جمعے کو دبئی (PR 659) اور ریاض (PR 655) سے دو الگ الگ پروازوں پر پہنچا تھا، کو 27 کلو پیاز، 10.5 کلو لیموں اور 1 کلو اسٹرابیری اور بلو بیریز کے ساتھ پکڑا گیا۔
ضبط شدہ اشیاء منیلا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 پر کیبن کریو کی آمد پر سوٹ کیسوں میں پائی گئیں، رپورٹ میں ایک کسٹم افسر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ کیبن کریو کے ارکان کو کسٹم قوانین کی خلاف ورزی پر اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جبکہ کسٹم حکام نے فوری طور پر تلف کرنے کے لیے اسے بیورو آف پلانٹ قرنطینہ کے حوالے کر دیا تھا۔
فلپائنی ایئرلائن کے ترجمان نے رپورٹ میں کہا کہ ایئرلائن کو واقعے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے اور اس کے فلائٹ اٹینڈنٹس کو یاد دلایا گیا ہے کہ ملک میں پھل یا کوئی بھی پودا لانا ممنوع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیریئر ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایک حکومتی اہلکار نے واضح کیا کہ پیاز یا دیگر زرعی مصنوعات کو اپنے سامان میں لانا درآمد سمجھا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ذاتی استعمال کے لیے بھی درآمد ایک خاص عمل کے ذریعے کی جاتی ہے، جہاں مختلف کلیئرنس حاصل کرنا پڑتی ہیں۔
خیال رہے کہ دو دن قبل چین سے پیسٹری کے ڈبوں میں چھپایا گیا 364,000 ڈالر مالیت کا سرخ پیاز بھی کسٹمز نے ضبط کیا تھا۔ اور فلپائن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، کسٹمز افسران نے 23 دسمبر کو کپڑے کی ایک کھیپ میں چھپائی گئی $310,000 مالیت کی سفید پیاز ضبط کی۔