کویت اردو نیوز 09 جولائی:اوشین گیٹ ایکسپی ڈیشنز نے ٹائی ٹینک کی باقیات دکھانے کے خواہش مند افراد کو ڈھائی لاکھ ڈالر کاسیاحتی سفر کرانے کا اشتہار دیدیا۔
ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتا ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی تھی، اس حادثے میں پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت 5 سیاح مارے گئے تھے۔
ٹائٹن کا ملبہ نکال کرحادثے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں کی گئیں۔
ٹائی ٹینک کی سیاحت کے لیے لوگوں کو زیر سمندر لے جانے کے دوران تباہ ہونے والی اوشین گیٹ کمپنی کی آبدوز ’ٹائٹن‘ کا ملبہ بحراوقیانوس سے نکال لیا گیا ہے جب کہ اس کے ساتھ انسانی باقیات ملنےکا بھی انکشاف ہوا ہے، جسکی تصدیق امریکی کوسٹ گارڈ نے بھی کی ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے حکام کے مطابق ٹائٹن کے ٹکڑوں اور ممکنہ طور پر اس میں موجود افراد کی باقیات کو کینیڈا کے جزیرے نیوفاؤنڈ لینڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں سے یہ آبدوز اپنے آخری سفر پر روانہ ہوئی تھی۔
اندازے کے مطابق نیو فاؤنڈلینڈ سے جائے حادثہ کا فاصلہ تقریباً 400 میل ہے۔