کویت اردو نیوز،12جولائی: عمرہ پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے سعودی وزارت حج و عمرہ نے کم عمر افراد کو عمرے کے لیے تنہا سعودی عرب آنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ان کی عمر 18 سال سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کمپنیوں اور اداروں سے کہا ہے کہ نئے عمرہ سیزن کے دوران بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے حوالے سے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی جاری رکھنا ضروری ہے۔
وزارت نے کہا کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائر کی عمر 18 سال سے کم نہیں ہونی چاہیے،
تمام عمرہ کمپنیاں اور ادارے بیرون ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ پیکیج کے دائرہ کارکے اندر مطلوبہ سہولیات فراہم کریں، عمرہ ویزے کے اجرا کے لیے اندرون مملکت ٹرانسپورٹ، انشورنس اور بنیادی خدمات کی بکنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت نے عمرہ ویزہ پر مملکت میں داخل ہونے کی تاریخ سے 90 روز تک قیام کی اجازت دے دی ہے، عمرہ سیزن کے اختتام کے حوالے سے انتہائی حد 29 ذی قعدہ 1445ھ مقرر کی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کے لیے الیکٹرانک ویزے کا اجرا شروع کردیا ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو عمرہ ادائیگی کے لیے آنے کے قابل بنانا اوران کے لیے اس کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔