کویت اردو نیوز 03 ستمبر: پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے مزید 74 ملازمین کو برخاست کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بتایا گیا کہ جعلی ڈگریوں، ناقص کارکردگی، منشیات کی اسمگلنگ اور سرکاری ریکارڈ چوری کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مزید 74 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پچھلے تین ماہ میں ملازمت سے برخاست ہونے والے ملازمین کی کل تعداد 177 ہوگئی ہے۔
پی آئی اے ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 74 ملازمین کو جعلی تعلیم کے سرٹیفکیٹ، ڈیوٹی سے غفلت، املاک کو پہنچنے والے نقصان، رشوت، اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال کے الزام میں برطرف کیا گیا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ چار ملازمین کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر نچلے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ 11 دیگر افراد کو بھی مختلف نظم و ضبط کی سزائیں دی گئیں ہیں جبکہ 17 ملازمین کو اعلی کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے اور پانچ کو نقد انعامات بھی دیئے گئے۔
یہ خبر بھی ضرور پڑھیں: 68 ہزار تارکین وطن کے اقامے داؤ پر لگ گئے
تازہ ترین پیشرفت وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے 24 جون کے انکشاف کے بعد ہوئی ہے کہ 850 پاکستانی پائلٹوں میں سے 262 کے لائسنس "مشکوک” تھے۔