کویت اردو نیوز 04 ستمبر: کویت کا پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈی والا نے کویت کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے جہاں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے شاندار مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز اسلام آباد میں کویت کے سفیر نصرعبدالرحمان المطیری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے کہاکہ کویت میں خصوصاً پاکستانی حلال غذائی مصنوعات کیلئے شاندار مواقع موجود ہیں اوریہ خاص شعبہ ہماری برآمدات میں زبردست اضافہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے زراعت، توانائی ، تجارت، کامرس اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے کئی دیگر شعبوں میں فریقین کے درمیان قریبی تعاون پرزوردیا ۔
کویت کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ کویت پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔