کویت اردو نیوز 25 اگست 2023: لبنان کے تمام خطوں میں بے قابو ہتھیار بڑے پیمانے پر پھیل چکے ہیں۔ ہتھیاروں کے پھیلنے کے باعث ہی فائرنگ کے واقعات اور قتل سمیت دیگر جرائم میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ہتھیاروں کے ناجائز استعمال کا ایک اور خوفناک واقعہ اس وقت سامنے آگیا جب ایک شہری نے اپنے بچے کے سامنے اپنی بیوی کو گولی ماردی۔
چند گھنٹوں میں ہی اس اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور رائے عامہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ نیا واقعہ ملک کے شمال میں طرابلس میں پیش آیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس شہری نے بیوی کے پاؤں میں گولی ماری اور فرار ہوگیا۔ خاتون کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہری نے خاندانی جھگڑے کی وجہ سے قدم اٹھایا۔
یاد رہے یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں خاندانی اور دیگر جھگڑوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ "مالی تنگی” یا "خاندانی جھگڑوں” کے باعث ملک میں قتل کے واقعات بھی بڑھے ہیں۔ مبصرین کے مطابق تشدد میں اضافے کی وجہ قانونی جوابدہی کی عدم موجودگی ہے۔
لبنان ان دنوں شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ 2019 میں شروع ہونے والے مالیاتی زوال کی وجہ سے مقامی کرنسی اپنی قدر کا 90 فیصد سے زیادہ کھو گئی ہے۔ مالیاتی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
بنکوں میں رقوم جمع کرانے والوں کو اپنی بچت تک رسائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا تخمینہ ہے کہ مالیاتی شعبے کے نقصانات 70 بلین ڈالر سے زیادہ ہیں۔