کیلیفورنیا: (کویت نیوز اردو) گوگل جی میل اپنا انتہائی اہم اور ہر دلعزیز فیچر ختم کرنے جا رہا ہے۔
ویب سائٹ کا ایچ ٹی ایم ایل بیسک ویو فیچر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے انتہائی بری خبر یہ ہے کہ وہ اس فیچر کو جنوری 2024 ء کے بعد سے استعمال نہیں کر سکیں گے ۔
ٹیکنالوجی کمپنی کے سپورٹ پیچ میں پیش کیے جانیوالے نوٹس کے مطابق جنوری 2024ء کے بعد سے جی میل صرف اور صرف اسٹینڈرڈ ویو میں ہی دستیاب ہوگا۔
در اصل ایچ ٹی ایم ایل بیسک ویو فیچر جی میل کا 2007ء کا ڈیزائن ہے ، اس فیچر کا استعمال صارفین اکثر سست رفتار وائی فائی پر کرتے ہیں۔ اس موڈ پرکونٹیکٹ امپورٹنگ ، چیٹ باکس، اسپیل چیک جیسے اسٹینڈرڈ ویو فیچر لوڈ نہیں ہو سکتے۔
دوسری جانب نابینا ٹیکنالوجی کے ماہر پراتِک پٹیل نے اس فیچر کو ختم کئے جانے پر خبردار کیا ہے کہ یہ فیچر نابینا افراد کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔
پراتِک پٹیل کے مطابق بہت سے نابینا افراد جی میل کا یہ موڈ استعمال کرتے ہیں وہ اس فیچر کے ختم ہونے پر ناخوش ہوں گے۔
پراتک پٹیل کا مزید کہنا ہے کہ ایسا بالکل بھی نہیں کہ اسٹینڈرڈ انٹرفیس دسترس میں نہیں ہے مگر کچھ نابینا افراداس موڈ کو استعمال کرنے کیلیے تیار نہیں ہوں گے۔