کویت اردو نیوز ، 8 اکتوبر 2023: علم حاصل کرنے کے لیے عمر اور وقت کی کوئی قید نہیں، انسان چاہے تو کسی بھی عمر میں اپنے علم میں اضافہ کرسکتا ہے۔
اس کی زندہ مثال بلوچستان کے ایک قبائلی علاقے کے رہائشی 46 سالہ عبدالرزاق ہیں جنہوں نے لڑکپن میں پڑھائی چھوڑنے کے 31 سال بعد دوبارہ پڑھائی شروع کی ہے۔
ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گولستان کےرہائشی عبدالرزاق 3 دہائیاں قبل ناگزیر وجوہات کی بناء پر تعلیم سے دور ہوگئے لیکن اب اپنے بچوں کو پڑھتے ہوئے دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ، اور انہوں نے خود بھی کالج میں داخلہ لے لیا۔
عبدالرزاق اب کاکا شہید ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کالج میں پہلے سال کے پری میڈیکل کے طالب علم ہیں اور عمر کے لحاظ سے اپنے ہم جماعتوں میں سب سے بوڑھے ہیں۔
عبدالرزاق کے استاد اور ادارے کے سربراہ عبدالقادر مندوخیل نے کہا ہےکہ 46 سال کی عمر میں کسی بھی شخص میں تعلیم کا جذبہ بیدار کرنا قابل تحسین ہے۔
عبدالقادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ 31 سال قبل علاقے میں دو قبائل کے درمیان کشیدگی کے باعث تعلیمی اداروں کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے عبدالرزاق سمیت کئی طلباء کو اپنی تعلیم ترک کرنا پڑی تھی تاہم قابل اعتماد قبائلی شخصیت خان احمد خان اچکزئی کی مدد سے چلنے والے کالج میں دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل گیا۔