کویت اردو نیوز ، 26 اکتوبر 2023 : ٹک ٹاک نے اپنی چند سیکنڈ کی ویڈیوز کے ساتھ دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی تھی۔
درحقیقت اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کی مقبولیت نے دیگر کمپنیوں جیسے انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب وغیرہ کو مختصر ویڈیوز کا فیچر اپنانے پر مجبور کر دیا ہے۔
جبکہ دیگر کمپنیاں مختصر ویڈیوز پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہیں، TikTok اب لمبی ویڈیوز کو اپنے پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کے لیے تیار ہے۔
جی ہاں، ٹک ٹاک ویڈیوز کی مدت میں نمایاں اضافہ کر رہا ہے ، وڈیو شیئرنگ ایپ 15 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف کروا رہی ہے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک پر ابھی 10 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کی جا سکتی ہے ، کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ 15 منٹ دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے فیچر کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کو بعض علاقوں میں محدود صارفین کے درمیان آزمایا جا رہا ہے ، تاہم ٹک ٹاک نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
طویل ویڈیوز تخلیق کاروں کو ایسے مواد کو بہتر بنانے میں مدد کریں گی جو محدود وقت کی وجہ سے کم متاثر کن ہے۔
کمپنی نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ 15 منٹ کی ویڈیوز کا فیچر تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا۔