کویت اردو نیوز : نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی چہرے کے تاثرات سے جذبات کو پہچاننے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کیمطابق سوئٹزرلینڈ میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے یہ کہا ہے کہ حالیہ دریافت سائیکو تھراپی کےشعبے میں مزیدترقی کا باعث بن سکتی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی یونیورسٹی آف باسل کے سینٹر فار سائنٹیفک کمپیوٹنگ کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے 30,000 سے زیادہ چہرے کی تصاویر پر ایک مصنوعی اعصابی نیٹ ورک کو تربیت دی، جو کہ AI کی ایک ذیلی ٹیکنالوجی ہے، تاکہ 6 بنیادی جذبات جیسے خوشی، نفرت ،تعجب، غصہ، اداسی، اور خوف کا پتہ لگایا جا سکے۔
اس کے بعد محققین نے AI ماڈل کا استعمال کرتے ہوئے ماہرین نفسیات کے جنرل تھراپی سیشنز کے 950 گھنٹے سے زیادہ ویڈیوز کا تجزیہ کیا جس میں دوہری شخصیت کے عارضے میں مبتلا 23 افراد شامل تھے۔
اے آئی ماڈل سے حاصل کردہ نتائج کا موازنہ تین تربیت یافتہ معالجین کے نتائج سے کیا گیا، ماہرین نے دونوں نتائج کے درمیان مطابقت پائی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی مریضوں کے چہرے کے تاثرات کا درست اندازہ لگانے میں ماہر معالج کی طرح ماہر ثابت ہوئی ہے۔