کویت اردو نیوز : مسجد میں جائیداد کے تنازع پر بزرگ شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مسجد میں تشدد کا واقعہ گلشن اقبال تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں کچھ افراد نے مسجد میں نماز ادا کرنے آنے والے بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ شہری اعجاز پر جیسے ہی وہ نماز پڑھنے لگے ایک نوجوان نے حملہ کردیا۔
فوٹیج میں چوہدری گوہر اور چوہدری فیصل نامی نوجوانوں کو بزرگ شہری کو تھپڑ مارتے اور گھونسے مارتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ قریب ہی موجود بزرگ شہری کا بیٹا ابرار اپنے والد کو بچانے کے لیے مداخلت کرتا ہے۔ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، اسی دوران حملہ آور کے مزید ساتھی بھی مسجد پہنچ جاتے ہیں اور تشدد شروع کر دیتے ہیں۔
تین افراد نے مل کر بزرگ شہری اعجاز اور اس کے بیٹے ابرار کو مسجد میں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ بیٹے ابرار کے سر پر چوٹ اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔
پولیس نے درخواست پر ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔