کویت اردو نیوز : فوری پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے بیٹا ورژن میں ٹیسٹنگ کے لیے تاریخ کے مطابق پیغامات تلاش کرنے کا فیچر رکھا ہے۔ فیچر کے استعمال سے صارفین ایک مخصوص تاریخ پر بھیجے گئے پیغامات کو آسانی سے تلاش کر سکیں گے۔
واٹس ایپ بیٹا انفارمیشن رپورٹ کے مطابق گفتگو میں پیغامات تلاش کرنے کے لیے ایک کیلنڈر بٹن موجود ہوگا ، جسے صارفین کسی مخصوص تاریخ پر بھیجے گئے پیغام کو فوری طور پر تلاش کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ چیٹ ہسٹری میں واپس جانے سے صارفین کو الجھن سے بھی بچائے گا۔
مزید برآں، یہ فیچر تحریری پیغامات کے بجائے وائس نوٹ جیسے غیر تحریری پیغامات کو تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا کیونکہ وائس نوٹ میں کوئی ٹیکسٹ نہیں ہوتا اور تحریری پیغامات کو صرف لکھ کر ہی تلاش کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کمپنی نے یہ آزمائشی فیچر بیٹا ان صارفین کے لیے دستیاب کرایا ہے جو حال ہی میں واٹس ایپ ویب کے آفیشل بیٹا پروگرام میں شامل ہوئے ہیں۔ لیکن امید ہے کہ یہ فیچر جلد ہی دیگر صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔ تاہم کمپنی کی جانب سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔