کویت اردو نیوز : کسٹمز نے جناح ٹرمینل آمد پر کارروائی کرتے ہوئے 14 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے صائمہ علی نامی خاتون مسافر کو حراست میں لے لیا۔
جناح ٹرمینل کے کلکٹر شفیق لڈکی نے میڈیا کو بتایا کہ امریکا سے قطر جانے والی پرواز کیو آر 610 کے ذریعے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر گرین چینل سے نکلنے کی کوشش کر رہی تھی کہ کسٹم حکام نے اسے شک کی بنیاد پر روک لیا۔
خاتون کے سامان کی سکیننگ کی گئی تو آئی فون، میک بک، گیمنگ لیپ ٹاپ، ہینڈ بیگز،وٹامنز، لیڈیز برانڈڈ جوتے، کی نشاندہی ہوئی۔ حکام نے سامان قبضے میں لے لیا اور خاتون مسافر کوحراست میں لےلیاگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضبط کی گئی اشیاء کی کل مالیت 1 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے اور ان ضبط شدہ اشیاء پر 50 لاکھ روپے کے ڈیوٹی ٹیکس لاگو ہیں۔ خاتون مسافر کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کے باعث اسمگلرز نت نئے طریقے اپناتے ہیں اور مسافروں کو پرکشش مراعات کا لالچ دے کر اسمگل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
حکام نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ممکنہ سخت قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے وطن واپسی پر غیر متعلقہ افراد کا سامان اپنے ساتھ لانے سے گریز کریں۔