کویت اردو نیوز : (سعودی عرب) روڈ جنرل اتھارٹی نے ٹرک مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ حد سے زیادہ ٹرک لوڈ نہ کریں۔ خلاف ورزی پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریفک قانون کے سیکشن 23 میں اس کی وضاحت موجود ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرکوں کی مجموعی لمبائی 23 میٹر، چوڑائی 2.6 میٹر اور اونچائی 4.8 میٹر ہونی چاہیے۔ مذکورہ اقدام کی خلاف ورزی پر 1000 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ ٹرکوں کے لیے مقررہ وزن پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ مقررہ ضوابط کے مطابق پانچ ایکسل والے ٹرکوں کو زیادہ سے زیادہ 45 ٹن سامان لوڈ کرنے کی اجازت ہے۔ 2 ایکسل والے ٹرک 21 ٹن، تین ایکسل والے ٹرک 34 ٹن ، 4 ایکسل والے ٹرک 42 ٹن تک لے جا سکتے ہیں۔
مقررہ وزن کی خلاف ورزی پر 200 ریال فی کلو گرام جرمانہ عائد کیا جائے گا، زیادہ سے زیادہ 100,000 ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے ۔
اس سے قبل سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دارالحکومت ریاض میں ٹریفک کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹرکوں کے داخلے کے نئے نظام پر عمل درآمد شروع کیا تھا اور ٹرک ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آن لائن ٹائم سلاٹ بک کریں اور مقررہ اوقات پر عمل کریں۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرکوں کو ریاض شہر میں داخل ہونے سے پہلے آن لائن وقت لینا ہوگا اور مقررہ وقت پر عمل کرنا ہوگا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد ریاض میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا، ٹرکوں کی دراندازی کو روکنا اور آپریشنل سروس کے معیار کو بلند کرنا ہے۔