کویت اردو نیوز : شمال مغربی سعودی عرب کے نئے شہر نیوم میں "لیجا” کے عنوان سے ایک تین مقامات پر مشتمل سیاحتی مرکز کے منصوبے کی "نقاب کشائی” کر دی گئی ہے۔
اس نئے سیاحتی مرکز میں عالمی شہرت یافتہ معماروں کے ڈیزائن کردہ تین ہوٹل شامل ہیں۔ "لیجا” کا علاقہ ایک قدیم وادی کا حصہ ہے جو 400 میٹر بلند پہاڑوں سے گھری ہوئی ہے۔
نئے تجدید شدہ ہوٹل کو کرس وان ڈوئن، شان کیلا اور ماریو کوسینیلا نے ڈیزائن کیا تھا۔ ان تینوں ہوٹلوں کی تعمیر کا بنیادی مقصد سعودی عرب میں بین الاقوامی سیاحت کو تیزی سے فروغ دینا ہے۔
سعودی حکومت نے سعودی ویژن 20230 کے تحت نیوم شہر کو ایک مکمل سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے کام کو تیز کر دیا ہے۔ یہ نیا سیاحتی مرکز بھی اس عظیم الشان منصوبے کا ایک حصہ ہے۔
قدرتی ماحول کو محفوظ رکھنے کے لیے لیجا کی 95 فیصد زمین کو انسانی ٹریفک سے محفوظ رکھا جائے گا۔
تینوں ہوٹلوں میں کل 120 بوتیک کمرے ہوں گے۔ ان ہوٹلوں کی ڈیزائننگ میں فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ سیاحوں کو پہاڑوں، وادیوں اور نخلستانوں کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ فطرت سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔
سعودی عرب کی حکومت نے بین الاقوامی سیاحتی مرکز نیوم کی توسیع کا کام تیز کر دیا ہے۔ سعودی حکومت اس شہر پر مجموعی طور پر 500 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ذاتی دلچسپی کا مظہر ہے، جو ملک کو سیاحت اور تفریح دونوں شعبوں میں غیر معمولی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیوم اور اسی طرح کے دیگر منصوبوں کا مقصد مستقبل میں جب تیل کی آمدنی میں کمی آتی ہے تو سعودی عرب کی زرمبادلہ تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ سعودی عرب نے حال ہی میں تفریح اور سیاحت کے شعبوں کے ساتھ کھیلوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری کی ہے۔
سعودی لیگ کو دنیا بھر سے بڑے فٹبالرز کی خدمات حاصل کرکے مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ یہ عالمی سطح پر اپنی اہمیت دکھا سکے۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔