کویت اردو نیوز : گزشتہ سال مسجد نبوی کی لائبریری سے 100,000 زائرین مستفیض ہوئے، اس لائبریری میں قرآن پاک کے 250 قدیم ترین نسخوں کے علاوہ دیگر نادر کتب کا بھی شاندار ذخیرہ موجود ہے۔
مسجد نبوی کی لائبریری میں 4052 نادر نسخے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 260,000 سے زیادہ نایاب مخطوطات کو ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیا گیا ہے، جن سے لائبریری میں آنے والا کوئی بھی شخص لطف اندوز ہو سکتا ہے۔
لائبریری میں 7 ہزار سے زائد نایاب کتابیں اور تقریباً 4 ہزار 600 مصوری مخطوطات ہیں جو مختلف ادوار میں تیار کیے گئے تھے۔
مسجد نبوی کی لائبریری میں جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے قدیم اور نایاب مخطوطات کو محفوظ کیا گیا ہے جس کے ذریعے زائرین ان نسخوں کے ڈیجیٹل نسخوں سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
مسجد نبوی کا کتب خانہ 1352ھ مطابق 1933ء میں قائم ہوا۔ لائبریری میں اسٹڈی لائبریری سمیت مختلف شعبہ جات ہیں۔ لائبریری میں مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ جگہیں ہیں جبکہ بچوں کے لیے اہم حوالہ جاتی کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
مسجد نبوی میں قرآنی اسباق اور جمعہ کے خطبات کی ریکارڈنگ کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک ڈیجیٹل لائبریری بھی ہے جہاں سے کوئی بھی سبق آسانی سے سنا جا سکتا ہے۔