کویت اردو نیوز : استاد کا لیکچر سنتے ہوئے سو جانا معمول کی بات ہے، لیکن بعض اوقات یہ آپ کو مصیبت میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اچانک نیند بھی چور کو اچھی خاصی پریشانی میں ڈال دیتی ہے۔
چین میں پیش آنے والے اس عجیب واقعے میں چور گھر میں گھس کر میٹھی نیند سو رہا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یانگ آدھی رات کو گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا اور اندر موجود لوگوں کی آوازیں سن کر وہ خوف زدہ ہوگیا۔ اس نے اپنے حواس کو قابو میں رکھتے ہوئے گھر والوں کے سونے کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔
وقت گزارنے کے لیے وہ دوسرے کمرے میں چھپ کر سیگریٹ پینےلگا لیکن اس دوران وہ گہری نیند میں چلا گیا۔
گھر کی مالکہ تانگ نے بتایا کہ اس نے اونچی آواز میں خراٹوں کی آوازیں سنی لیکن پڑوسی ہونے کے ناطے انہیں نظر انداز کیا۔ جب وہ اپنے بچے کی دودھ کی بوتل صاف کرنے کے لیے اٹھی تو خراٹے بلند ہو گئے، جس سے تانگ مشکوک ہو گئی ۔
گھر میں کسی کی موجودگی کا یقین کرتے ہوئے مالکہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر خواب خرگوش کےمزے لوٹنے والے چور کو گرفتار کر لیا۔
اس سے قبل ملزم یانگ 2022 میں بھی چوری کے جرم میں قید ہوا تھا۔ لیکن بعد میں رہا کر دیا گیا تھا ۔