کویت اردو نیوز : شادی سے پہلے آپریشن تھیٹر میں فوٹو شوٹ کرانے پر ڈاکٹر کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔
دنیا بھر میں لوگ اپنی شادی کا فوٹو شوٹ مختلف طریقوں سے کرانا پسند کرتے ہیں، کوئی پیٹرول پمپ پر جاتا ہے، کوئی اپنے پسندیدہ ہوٹل کا انتخاب کرتا ہے، کوئی گرم ہوا کے غبارے میں فوٹو کھینچنا پسند کرتا ہے، کوئی ساحل سمندر کا انتخاب کرتا ہے۔
اسی طرح بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر نے اپنی شادی سے قبل آپریشن تھیٹر میں فوٹو شوٹ کروایا جس کی قیمت انہیں بہت زیادہ اٹھانی پڑی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرکاری اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر ابھیشیک نے آپریشن تھیٹر میں اپنی ہونے والی دلہن کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا، جس میں دونوں کو ایک مریض کا فرضی آپریشن کرتے دیکھا گیا، جب کہ دونوں وہ آپریشن تھیٹر میں ہنس رہے تھے۔
ڈاکٹر کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے خلاف کرناٹک کے وزیر صحت نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر کو برطرف کردیا۔
ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری اسپتال مریضوں کے علاج کے لیے ہوتے ہیں نہ کہ ذاتی تقریبات کے لیے، ڈاکٹر کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔