کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے حروب کمشنری میں پتھروں سے بنے پرانے طرز کے گھر میں رہنے والے 100 سالہ سعودی شہری جابر المجھلی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔
جابر المجھلی نے ابھی تک شادی نہیں کی۔ اس کا کوئی خاندان نہیں ہے۔ وہ ہاروب کمشنری کے نعام پہاڑ میں پرانے طرز کے پتھر سے بنے مکان میں اکیلے رہتے ہیں ۔
وائرل ویڈیو میں جابر المجھلی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے زمانے سے پتھر کے پرانے گھر میں رہ رہے ہیں۔ شاہ سعود، شاہ فیصل، شاہ خالد، شاہ فہد، شاہ عبداللہ ، اب شاہ سلمان کے دور میں بھی ان کا ٹھکانہ پتھروں کا پرانا گھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 86 سال قبل جازان کے پہاڑی علاقوں میں آنے والے زلزلے کی یاد آج بھی ذہنوں میں محفوظ ہے۔ اس وقت ان کی عمر 15 سال تھی۔
جابر المجھلی کے مطابق وہ عشاء کے بعد سو جاتے ہیں اور فجر کے وقت بیدار ہوتے ہیں۔ وہ اپنی ضرورت کا سامان ایک کارکن کے ذریعے بازار سے منگواتے ہیں۔
جب ان سے شادی کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 100 سال سے زائد عمر کو پہنچنے کے بعد بھی ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔