کویت اردو نیوز : اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں 7 روزہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج نے غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کردیئے۔
غزہ میں اسرائیل اورحماس کے مابین جنگ بندی 24 نومبرکو شروع ہوئی تھی ، جس میں دو مرتبہ توسیع کی گئی تھی اور یہ جنگ بندی جمعہ کی صبح کو بغیرکسی توسیع کےختم ہو گئی تھی۔
عرب میڈیا کیمطابق غزہ میں 7 روزہ جنگ بندی ختم ہو جانے کے بعدشمالی غزہ میں دھماکوں اور فائرنگ کی شدید آوازیں سنائی دےرہی ہیں۔
فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کے مغربی علاقے پر بھی بمباری جاری ہے جب کہ اسرائیلی جاسوس طیارے غزہ پر نچلی پروازیں کر رہے ہیں۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا ہے جب کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے کم از کم 3 فلسطینی شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جمعےکی صبح غزہ سےایک راکٹ فائر کیاگیا تھاجس کو اسرائیلی فوج نےٹریس کیاجبکہ راکٹ حملےکےبعد علاقےمیں سائرن بھی بجائےگئے۔
اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جب کہ اسرائیل نے مزاحمتی گروپ پرمعاہدےکی خلاف ورزی کرتے ہوئےاسرائیلی علاقے میں فائرنگ کاالزام عائدکیاہے۔