کویت اردو نیوز : عمر کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں؟ اس لیے بحیرہ روم کے علاقے میں کھائی جانے والی غذاؤں کو کھانے کی عادت بنائیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ بحیرہ روم کی خوراک کھانے سے الزائمر کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس خوراک میں پھل، سبزیاں، اناج، گری دار میوے، مچھلی، زیتون کا تیل وغیرہ شامل ہوتے ہیں (سرخ گوشت بہت کم استعمال کیا جاتا ہے) اور اسے دل کی بیماری، ذیابیطس ، موٹاپے جیسی مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے۔
اسپین کی یونیورسٹی آف بارسلونا کی اس تحقیق میں 840 افراد کو شامل کیا گیا اور ان کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد کی صحت کی 12 سال سے زیادہ نگرانی کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں، سبزیوں، گری دار میوے ، زیتون کے تیل سے بھرپور غذا دماغ کو جوان رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
محققین نے کہا کہ تحقیق کے آغاز پر ان افراد کے خون کے نمونوں کی مختلف مالیکیولز کے لیے جانچ کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کا 12 سال کے عرصے میں 5 بار ٹیسٹ کیا گیا اور آخر کار یہ پتہ چلا کہ بحیرہ روم کی خوراک کا استعمال بڑھاپے کے ساتھ ڈیمنشیا کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس خوراک کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں عمر کے ساتھ ساتھ ذہنی تنزلی کی شرح کم ہوجاتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جریدے مالیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہوئے۔