کویت اردو نیوز : مہنگا حج پیکج یا قبل از وقت اعلان، وزارت مذہبی امور کو 14 دنوں میں صرف اور صرف 28 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، کفالت سکیم کے تحت صرف 1600 درخواستیں موصول ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ شدید مہنگائی نے حج کا مذہبی فریضہ بھی متاثر کیا ہے اور سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں توقع سے کم موصول ہوئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اب تک کوٹہ کی تقریباً ایک تہائی درخواستیں جمع ہو چکی ہیں جبکہ حج درخواستوں کی وصولی میں صرف ایک دن رہ گیا ہے۔ درخواستوں کی وصولی کی مدت میں توسیع پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی کی مدت میں ایک ہفتے سے دس دن تک توسیع کی جا سکتی ہے، حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کے باوجود تقریباً 11 لاکھ روپے فی کس ادا کرنے ہوں گے جن میں حج اخراجات بھی شامل ہیں۔
سرکاری اسکیم کے تحت کل کوٹہ 89 ہزار 605 ہے، مختصر دورانیے کا حج شروع کرنے کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزارت نے سرکاری ریگولر حج سکیم کے تحت تقریباً 65 ہزار اور کفالت سکیم کے تحت 25 ہزار کوٹہ مختص کیا ہے۔ گزشتہ سال وزارت مذہبی امور نے 20 ہزار حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا تھا کیونکہ کم درخواستیں موصول ہوئیں تھیں ۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات قبل از وقت شروع کیے گئے تھے، جس کے باعث وزارت مذہبی امور کو بھی حج آپریشن معمول سے پہلے شروع کرنا پڑا، حج پر جانے کے خواہشمند افراد اس کے لیے تیار نہیں تھے ۔
واضح رہے کہ وزارت نے 27 نومبر سے 12 دسمبر تک حج درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا ہے جو منگل تک جاری رہے گی جس میں توسیع کے بارے میں کل فیصلہ کیا جائے گا۔