کویت اردو نیوز : آسٹریلیا سے ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو دو لڑتے ہوئے سانپوں کے قریب گولف کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر برسبین کا ہے جہاں ایک شخص کو دو لڑنے والے نر سانپوں سے چند میٹر کے فاصلے پر گولف کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نا معلوم شخص سانپوں کو اتنے قریب سے دیکھ کر بھاگنے کے بجائے سکون سے گولف شاٹ لے رہا ہے۔
شہری کو سانپوں کی موجودگی میں اتنا لاپرواہ دیکھ کر صارفین بھی دنگ رہ گئے۔ بہت سے لوگوں نے گولفر کو بہادر قرار دیا جبکہ دوسروں نے اس کے پرسکون رویے کی تعریف کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ آسٹریلوی عجیب مٹی سے بنے ہیں۔ ہمیں ایسے مزید لوگوں کی ضرورت ہے جب کہ ایک اور صارف نے ویڈیو ریکارڈ کرنے والے شخص کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’گولفر سے زیادہ کیمرہ مین کے سانپوں کے قریب جانے کی بات کوئی نہیں کررہا‘۔